ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پتور:امیت شاہ کو ’بنڈل شاہ‘لکھ کر اسٹیٹس رکھنے والے طالب علم کے خلاف تادیبی کارروائی

پتور:امیت شاہ کو ’بنڈل شاہ‘لکھ کر اسٹیٹس رکھنے والے طالب علم کے خلاف تادیبی کارروائی

Sun, 25 Feb 2018 19:49:08    S.O. News Service

پتور 25؍فروری (ایس او نیوز) پتور کے ویویکانند لاء کالج کے طالب علم کو پندرہ دن کے لئے اس وجہ سے معطل کردیا گیا کیونکہ اس نے اپنے انسٹاگرام پروفائل پر اسٹیٹس میں بی جے پی صدر امیت شاہ کو ’بنڈل شاہ #امیت شاہ‘ لکھ دیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ اپنے حالیہ دورے کے موقع پر امیت شاہ نے پتور کے ویویکانند لاء کالج میں طلباء سے خطاب کیا تھا۔  یہ لاء کالج جنوبی کینرا کے ایک بڑے آر ایس ایس لیڈر کلاڈکا پربھاکر کے تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے۔ لہٰذا اس اسٹیٹس کو ہتک آمیز اور کالج کی پالیسی کے منافی قرار دیتے ہوئے طالب علم کو پندرہ دنوں کے لئے کالج سے معطل کردیاگیا تھا۔مگر پتہ چلا ہے کہ طالب علم کی طرف سے تحریری معذرت نامہ دینے کے بعد 26فروری سے دوبارہ کلاسس میں حاضری کی اجازت دی گئی ہے۔

کالج کے پرنسپال نے بتایا کہ ’’اس معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرلیا گیا ہے۔طالب علم کا یہ رویہ کالج کی پالیسی کے خلاف تھا۔ امیت شاہ نے کالج انتظامیہ کی دعوت پر یہاں خطاب کیا تھا۔ اس وجہ سے یہ ان کی ہتک کا معاملہ بن گیا جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ حالات مزید بگڑنے نہ پائیں اس لئے طالب علم کو چھٹی پر جانے کے لئے کہا گیا تھا۔‘‘ پرنسپال نے واضح کیا کہ طالب علم کو معطل نہیں کیا گیا تھا بلکہ تنبیہ کی گئی تھی۔

اس مسئلے پر ضلع انچارج وزیر رماناتھ رائے نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’بی جے پی صدر کے خلاف سوشیل میڈیا پرصرف کوئی ایک پوسٹ کرنے کی بنیاد پر کسی طالب علم کے خلاف اقدام کرنا اور اس کی تعلیمی سرگرمی میں رکاوٹ ڈالنا اچھی بات نہیں ہے۔اگر اس پوسٹ پر کوئی اعتراض ہوتو مذکورہ طالب علم کو طلب کرکے اس کے ساتھ گفتگوکی جانی چاہیے تھی۔ اس کی شخصی آزادی کو چھیننے کی کوشش نہیں کی جانی چاہیے۔‘‘

معلوم ہواہے طالب علم کو اسٹیٹس ڈیلیٹ کرنے کے لئے کہا  گیا تھا تو ابتدا میں اس نے اس سے انکار کیا تھا ، جس سے اس کے خلاف اورحمایت میں بحث چھڑ گئی تھی۔اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے طالب علم کے والدین کو کالج میں طلب کرکے ان کے سامنے ہی وارننگ دینے کے بعد دوبارہ کلاسس میں شریک ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔
 


Share: